سبی میں سیاسی جماعت کی ریلی کے دوران زور دار دھماکہ ہوا جس کے نیتجے میں 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔نجی ٹی وی نیوز کے مطابق دھماکہ سبی میں مین جناح روڈ پر ہوا جہاں سے سیاسی جماعت کی ریلی کے شرکاء گزر رہے تھے۔ سبی سمیت کوئٹہ کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ ڈاکٹروں اور عملے کو ڈیوٹی پر موجود رہنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئیں۔بتایا گیا ہے کہ 4 زخمیوں کا ڈی ایچ کیو ہسپتال میں علاج جاری ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دیئے، متاثرہ علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر سبی نے بتایا کہ مین جناح روڈ پر ہونے والے دھماکے میں 4 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوئے جن کا ہسپتال میں علاج جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکہ خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا جب ریلی گزری تو اسے بلاسٹ کر دیا گیا۔ قانون نافذ کرنیوالے ادارے شواہد کی روشنی میں تحقیقات کر رہے ہیں۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے سبی میں سیاسی ریلی کے دوران دھماکے کا نوٹس لے لیا، ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ چیف سکیرٹری اور آئی جی بلوچستان سے رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔