گزشتہ رات ایک افسوسناک واقعہ پیش آیاجب ایران کی جانب سے پاکستان پر ایک میزائل داغ دیا گیا جس کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوگئیں – ایران کی جانب پاکستانی حدود میں حملے سے 2 معصوم بچے جاں بحق اور 3 بچیاں زخمی ہوئیں اس پر پاکستان کی جانب سے سخت ردعمل آیا -ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ ہمسایہ ملک ایران کی جانب سے ہونیوالی خلاف وزری پر پاکستان نے ایران سے اپنے سفیر کو واپس بلانے کافیصلہ کیا ہے،پاکستانی حکام نے ایران کے تمام دورے ملتوی کردیئے۔ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ایرانی سفیر کو بھی پاکستان سے جانے کا کہہ دیا گیاہے ،پاکستان نے اپنے فیصلے سے ایرانی حکومت کو آگاہ کردیا ہے۔
قبل ازیں پاکستان نے ایران کی جانب سے اپنی فضائی حدود کی بلا اشتعال خلاف ورزی کی شدید مذمت اور ایرانی ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا ہے۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان ایران کی جانب سے اپنی فضائی حدود کی بلا اشتعال خلاف ورزی کی شدید مذمت کرتا ہے پاکستان کی خودمختاری کی یہ خلاف ورزی مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ اس کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں،یہ اور بھی تشویشناک بات ہے کہ یہ غیر قانونی عمل پاکستان اور ایران کے درمیان رابطے کے متعدد چینلز کےموجود ہونے کے باوجود ہوا ہے ۔
پاکستان کی جانب سے پہلے ہی تہران میں ایرانی وزارت خارجہ میں متعلقہ سینئر عہدیدار کے پاس شدید احتجاج درج کرایا جا چکا ہے، ایرانی ناظم الامور کو وزارت خارجہ میں طلب گیا ہے، اور پاکستان نے واضح کیا ہے کہ اس کے نتائج کی ذمہ داری پوری طرح سے ایران پر عائد ہوگی۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان نے ہمیشہ کہا ہے کہ دہشت گردی خطے کے تمام ممالک کے لیے مشترکہ خطرہ ہے جس کے لیے مربوط کارروائی کی ضرورت ہے۔ اس طرح کی یکطرفہ کارروائیاں اچھے ہمسایہ تعلقات کے مطابق نہیں ہیں اور یہ دو طرفہ اعتماد اور اعتماد کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
اب اس پر نون لیگ کی جانب سے بھی ردعمل آیا ہے – مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی پر دھچکا لگا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے میزائل حملہ اچھی ہمسائیگی کی روح کے خلاف ہے، دونوں ملکوں کے تاریخی دوستانہ تعلقات ہیں، اس حوالے سے سنجیدہ مذاکرات اور باہمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔
شہباز شریف نے میزائل حملے سے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے اظہار افسوس بھی کیا۔اس سے قبل دفتر خارجہ کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کی گئی تھی، ترجمان نے کہا کہ میزائل حملہ پاکستان کی خودمختاری کے خلاف اور ناقابل قبول ہے۔