اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے سویڈن میں ریلیوں کے دوران قرآن پاک کی بے حرمتی کے حالیہ گستاخانہ فعل کی شدید مذمت کی ہے اور اسلامو فوبیا کے خطرناک اضافے کے خلاف عالمی کوششوں پر زور دیا ہے۔
او آئی سی کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کے اسلامو فوبک رویے سے ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کی حساسیت کو ٹھیس پہنچتی ہے اور یہ آزادی اظہار کے حق کی سنگین زیادتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ او آئی سی گروپ واضح طور پر اسلام، عیسائیت اور یہودیت کی توہین کرنے کے عمل کی مذمت کرتا ہے اور مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر نفرت اور تشدد کی تمام کارروائیوں کے خلاف کھڑا ہے۔
اس گروپ نے اسلاموفوبیا کی دیگر حالیہ کارروائیوں کی بھی شدید مذمت کی، جن میں مساجد پر “گھناؤنے” حملے، نمازیوں کا قتل اور زخمی کرنا، مسلمانوں کے گھروں کو تباہ کرنا اور دنیا کے مختلف حصوں میں حجاب پر پابندی شامل ہے۔