لندن: پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کے سپریم لیڈر نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی وطن واپسی کے حوالے سے ریمارکس دیتے ہوئے احتیاط برتیں۔
اس پیشرفت سے باخبر ذرائع نے بول نیوز کو بتایا کہ نواز شریف کی صدارت میں ایک ورچوئل میٹنگ ہوئی، جس میں ان کی واپسی اور مبینہ ڈیل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں نواز شریف نے رہنماؤں کو حالیہ ملاقاتوں اور رابطوں کے بارے میں اعتماد میں لیا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ وہ جلد وطن واپس آنا چاہتے ہیں کیونکہ ملک مسلسل بحران کا شکار ہے۔
نواز شریف نے یہ بھی کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ رابطوں اور ملاقاتوں کو ڈیل کا نام دیا گیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ شریف خاندان کے خلاف مقدمات کی موجودہ صورتحال اور اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ اور وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ سابق وزیر اعظم نے پارٹی رہنماؤں سے بھی کہا ہے کہ وہ مکمل ہوم ورک کے ساتھ عدم اعتماد کی تحریک پیش کریں۔
بڑے بھائی نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو ہدایت کی کہ وہ دیگر اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کریں اور منی بجٹ کی منظوری کو روکنے کے لیے جامع حکمت عملی بنائیں۔
اجلاس میں شہباز شریف، نائب صدر مریم نواز، شاہد خاقان، ایاز صادق، سعد رفیق، پرویز رشید، احسن اقبال، رانا ثناء اللہ سمیت سینئر قیادت نے شرکت کی۔