جب سے امریکی پارلیمنٹ میں پاکستان میں ہونے والے الیکشن کے حوالے سے قرار داد پاس ہوئی ہے حکومت بہت پریشان دکھائی دیتی ہے اگر چہ حکومت نے بھی اپنی قرار داد پاس کرکے ہمت تو دکھانے کی کوشش کی ہے مگر اب وہ ایک اور تشویش میں مبتلا نظر آنے لگی ہے –
نواز شریف کی تقریریں لکھنے والے ان کے قریب ترین ساتھی اور دوست سینیٹر عرفان صدیقی نے الزام لگایا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور صاحب حیثیت ووٹرز نے پیسے اور اثرورسوخ کے زور پر انتخابات لڑنے والے موجودہ ارکان کانگریس کو پاکستان مخالف قرارداد پر آمادہ کیا اور اب پی ٹی آئی کا اگلا ہدف اقتصادی پابندیاں لگوانے کی قرارداد منظور کرانا ہے ۔
اپنے سوشل میڈیا پیغام میں سینیٹر عرفان صدیقی نے مزید کہا ہے کہ امریکی انتخابات سر پر کھڑے ہیں۔ امیدوار اپنے حلقے کے ووٹرز کی حمایت اور چندے کے لئے بھاگ دوڑ میں ہیں۔ پاکستان سے ہدایات پرایک منظم مہم کے ذریعے بانی پی ٹی آئی اور صاحب حیثیت ووٹرز نے پیسے اور اثر و رسوخ کے زور پر انتخابات لڑنے والے موجودہ ارکان کانگریس کو پاکستان مخالف قرارداد پر آمادہ کیا۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے ٹویٹ میں کہا کہ بلا شبہ یہ پی ٹی آئی کی بڑی کامیابی ہے۔ پاکستان پر اقتصادی سمیت ہر طرح کی پابندیاں لگوانے کی ایک اور قرارداد پی ٹی آئی کا اگلا ہدف ہے۔ یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ امریکہ کے انتہائی قریب سمجھی جانے والی حکومت کے خلاف اپوزیشن اپنی قرار داد اتنی بڑی اکثریت سے پاس کرانے میں کامیاب ہوئی –