ٹی ٹونٹی کا سیمی فائنل افغانستان کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوا -پریشر میچ میں افغانی کھلاڑی کھڑے نہ ہوسکے اور ان کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ ان کو ٹورنامنٹ سے آؤٹ کرگیا – ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کے خلاف شکست کے ساتھ ہی افغانستان کی ٹیم نے ایک منفی ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔
افغانستان کی ٹیم عالمی کرکٹ کی واحد ٹیم ہے جو میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں 71 گیندوں کی مختصر اننگز ہی کھیل کر پوری ٹیم 11.5 اوورز میں 56 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں صرف 71 گیندوں پر محیط اس مختصر اننگز میں افغانستان کا صرف ایک کھلاڑی ہی ڈبل فیگر میں داخل ہو سکا۔
میگا ایونٹ میں اس سے قبل بھی مختصر اننگز کے منفی ریکارڈز بن چکے ہیں مگر وہ ریکارڈز راؤنڈ میچز تک ہی محدود تھے، سیمی فائنلز میں مختصر ترین اننگز کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے مختصر اننگز کھیلنے والی ٹیموں میں نیدرلینڈز کی ٹیم سرفہرست ہے۔نیدرلینڈز کی ٹیم 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سری لنکا کیخلاف صرف 60 گیندوں پر آل آؤٹ ہوئی تھی۔2021 ہی کے ورلڈ کپ میں سکاٹ لینڈ کی ٹیم افغانستان کے خلاف 62 گیندوں کی مختصر اننگز کھیل کر آل آؤٹ ہوئی۔جنوبی افریقہ کی تیم نے 57 رنز کا ہدف ایک وکٹ پر پورا کرکے پہلی بار ورلڈ کپ کے فائنل کے لیے کوالی فائی کرلیا –