پنجاب حکومت نے بیکری مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کیلئے مالکان کو آج 27 مئی تک کی ڈیڈ لائن دے دی۔ حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس تاریخ کے بعد قیمتیں کم نہ کرنے والے دکانداروں کے خلاف ایکشن ہوگا اور ک کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی –
محکمہ خوراک پنجاب کی جانب سے حکم نامے میں صاف طور سے کہا گیا ہے کہ صوبے میں آٹے اورفائن میدے کی قیمتوں میں 47 فیصد تک کمی ہو چکی ہے۔ آٹا اور فائن میدا سستا ہوگیا مگر بیکری آئٹمز میں ایک روپے کی بھی کمی نہ ہوئی، مالکان کو قیمتوں میں کمی کیلئے آج تک کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد بلا امتیاز آپریشن ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بڑی ڈبل روٹی 70 سے 90 روپے سستی ہونی چاہیے، کیک رسک، بسکٹ، بن اور کیک کی قیمتیں بہت زیادہ لی جا رہی ہیں۔ ذارئع محکمہ خوراک کے مطابق ہوٹل والوں کو بھی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے اس پر کام جلد شروع کردیا جائے گا ۔