ملک کی بڑھتی مہنگائی میں بجلی چوروں ،سمگللز اور ذخیرہ اندوزوں کا مرکزی کردار رہا ہے یہ دونوں ہاتھوں سے ملک لوٹتے ہیں اور ان کی قیمت غریب عوام اپنی جیب سے بھرتی ہے مگر اب ان پر بھی ہاتھ ڈالنے کا فیصلہ ہوگیا ہے – پنجاب حکومت نے بجلی چوری، سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف صوبے میں گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کیا ہے۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کے گزشتہ روز کے اجلاس کی روشنی میں پالیسی پر عمل درآمد کا حکم دیا۔مریم نواز کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں بجلی چوری کے خاتمے کے لیے اہداف کا تعین اور ایک ماہ کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صنعتوں، کارخانوں، دکانوں، گھروں اور شاپنگ مالز سمیت ہر کنکشن چیک ہو گی اور جو شخص اس میں ملوث پایا گیا اس کو عبرت کا نشانہ بنایا جائے گا ، مریم نواز نے ہدایت کی کہ بجلی چوری، سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف زیر ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے، بجلی چور، سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کے خلاف کوئی رعایت نہ کی جائے۔
اجلاس میں بجلی چوری کے خاتمے، سخت سزاؤں اور بھاری جرمانوں کے لیے قانون سازی کا بھی فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ بجلی چوری پہلے ہی قابل دست اندازی جرم ہے، گرفتاریاں اور فوری سزائیں دی جائیں، بجلی چوری میں ملوث سرکاری حکام کے خلاف بھی کارروائی ہو گی۔اگر ان کے خلاف صحیح معنوں میں آپریشن ہوجاتا ہے تو بجلی کی بچت بھی ہوگی اور لوڈ شیڈنگ میں بھی کمی آئے گی –