موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی ملک بھر میں گھروں سے سوئی گیس غائب ہوجاتی ہے اور چند بڑے شہروں کے علاوہ شہری دن رات گیس کی انتظار میں بیٹھے رہ جاتے ہیں مگر اب نگران حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ عوام کو بتا دیا جائے کہ دن میں کتنے نجے سے کتنے بجے تک گھروں میں گیس آیا کرے گی – نگران وفاقی وزیر توانائی محمد علی نے کہا ہے کہ سردیوں میں 8 گھنٹے گیس کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ نگران حکومت نے نئے گیس کنکشنز پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، نگران وزیر توانائی محمد علی کا کہنا ہے کہ سردیوں میں گیس مہنگی ہونے کے ساتھ ساتھ صرف 8 گھنٹے ملے گی۔ صبح، دوپہر اور شام کے کھانے پینے کے اوقات میں گیس فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں جتنی گیس ہے، اتنی ہی مہیا کریں گے، نئے گیس کنکشنز پر پابندی بھی برقرار رہے گی۔ نئے کنکشنز کیلئے ملک میں گیس نہیں ہے۔ دسمبر کیلئے 2 ایل این جی کارگوز کا بندوبست کر لیا ہے۔ اب زیادہ ترکھانا سلنڈرز پر ہی تیار ہوا کرے گا ایسا لگتا ہے کہ ہم آگے جانے کی بجائے 1990 کے پاکستان میں واپس آگئے ہیں جب چھوٹے شہروں میں لوگ سلنڈر پر کھانا تیار کیا کرتے تھے -مگر اس وقت ایل پی جی سلنڈر 100 روپے میں بھر جاتا تھا –