�آج سے 7 سال قبل 16 رمضان 22 جون 2016 کو تقریباً 4 بجے کے قریب قوال امجد صابری پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی جس میں ان کی موت واقع ہوگئی تھی وہ اس روز ایک پروگرام میں شرکت کے لیے گھر سے نکلے تھے ۔ان کی شہادت کے بعد مختلف افراد کے حوالے سے خبریں آتی رہیں کہ یہ لوگ ان کے ناحق قتل میں شامل ہیں آج اسی حوالے سے اس میں ایک اور نام اور گرفتاری کا اضافہ ہوگیا ہے – کراچی کے علاقے پٹیل پاڑہ سے سی ٹی ڈی نے کالعدم تنظیم کے دہشت گرد کو گرفتار کر لیا ۔
سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد قاسم رشید کو خفیہ اطلاع پر گرفتار کیا گیا ہے پولیس کا دعویٰ ہے کہ قاسم رشید نے عاصم اور اسحاق نامی لوگوں کے ذریعے امجد صابری کا قتل کروایا۔حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد نے 4 رینجرز اہلکاروں اور 2 آرمی اہلکاروں کے قتل کا اعتراف بھی کیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے تفتیش میں مختلف وارداتوں میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کیا ہے۔سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گرد سے دستی بم، پستول اور بارودی مواد برآمد کیا گیا ہے اور یہ ملزم پہلے بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد نے جیل سے نیٹ ورک چلانے کا انکشاف کیا ہے۔
