پاکستان تحریک انصاف جس پر 9 مئی کے بعد سے ہر قسم کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائید کردی گئی تھی آج اس میں پہلا بریک تھرو ہوا -ترجمان پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا کہنا ہے کہ کراچی میں تحریک انصاف کا سیاسی دفتر انصاف ہاؤس کھول دیا گیا ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ انصاف ہاؤس عدالتی حکم پر کھولا گیا، پی ٹی آئی کے لائرز فورم کے وکلاء کی بڑی تعداد انصاف ہاؤس پر موجود ہے۔ انہوں نےبتایا کہ آئندہ بلدیاتی اور عام انتخابات کی تمام سرگرمیوں کا آغاز کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ رواں برس 9 مئی واقعات کے بعد کراچی میں پی ٹی آئی کا مرکزی دفتر انصاف ہاؤس بند کردیا گیا تھا۔ 9 مئی کے واقعات کے بعد سندھ سے تعلق رکھنے والے پی ٹی ائی کے بہت سے رہنماؤں کو پابندسلاسل کردیا گیا تھا اس میں شمیم نقوی اور حلیم عادل شیخ سرفہرست ہیں اس کے علاوہ کپتان کے بہت سے ساتھی ان کا ساتھ چھوڑ کر دوسری جماعتوں میں چلے گئے تھے تاہم لوگوں کی ایک کثیر تعداد عمران خان کے ساتھ کھڑی رہی اور ان لوگوں کو بھی ہدف تنقید بناتی رہی جو مشکل وقت میں پارٹی کو چھوڑ کر ایک طرف ہوگئے جن میں تین وزرائے اعلیٰ بھی شامل ہیں –