ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کھیلنا ہر کھلاڑی کی دلی خواہش ہوتی ہے اور پھر وہ اگر بھرپور فارم بھی ہو اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرچکا ہو تو اس کی یہ خواہش کئی گنا زیادہ بڑھ جاتی ہے – ہمارے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ اس وقت بھرپور فارم میں تھے اور سوشل میڈیا پر ان کو بھرپور پزیرائی مل رہی تھی ایشیا کپ میں انھوں نے بہترین باؤلنگ کی مگر پھر وہ ایسے زخمی ہوئے کہ ورلڈ کپ سے ہی باہر ہوگئے -آج جب ورلڈ کپ سکواڈ کا اعلان ہوا تو ان کا نام 14 کھلاڑیوں میں شامل نہیں تھا -اس پرقومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے انجری کے باعث آئی سی سی ورلڈکپ کے لیے ٹیم میں شامل نہ ہونے پر افسردگی کا اظہار کیا ہے۔

 

چیف سلیکٹر انضمام الحق نے قومی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نسیم شاہ کا ورلڈکپ سے باہر ہونا ہمارے لیے بڑا دھچکا ہے لیکن یہ گیم کا حصہ ہے، نسیم شاہ کی جگہ حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے-

قومی ٹیم کے اعلان کے بعد اب نسیم شاہ نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے لکھا کہ بوجھل دل کے ساتھ شیئر کر رہا ہوں کہ میں ورلڈ کپ میں نہیں ہوں گا، میں مایوس ہوں لیکن میرا یقین ہے کہ یہ سب اللہ کے ہاتھ میں ہے، ان شاء اللہ بہت جلد دوبارہ میدان میں ہوں گا، تمام فینز کا شکریہ جنہوں نے مجھے دعاؤں میں یاد رکھا۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ان کی انجری شدید ہے اوروہ ورلڈ کپ تک صحت یاب نہیں ہوپائیں گے جس میں اب صرف 2 ہفتے باقی ہیں –