نواز شریف کی قانونی ٹیم نے نواز شریف کو پاکستان آنے کا گرین سگنل دے دیا -ان کا خیال ہے کہ قاضی فائز عیسیٰ کے عہدہ سنبھالنے کے بعد نواز شریف کو سپریم کورٹ سے بڑا ریلیف مل جائے گا -مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے منگل کو لندن میں میڈیا سے بات چیت میں نواز شریف کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی کا اعلان کیا ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف لندن سے لاہور ائر پورٹ پر اتریں گے جس کے بعد انہیں 10 لاکھ لوگوں کے ساتھ مینار پاکستان لے جایا جائے گا -ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت نے 21 اکتوبر کو مینار پاکستان پر ’’بڑے‘‘ جلسے کا فیصلہ کیا ہے، پارٹی سربراہ ریلی کے ذریعے بلٹ پروف کنٹینر میں ایئرپورٹ سے مینار پاکستان پہنچیں گے۔اس سلسلے میں مسلم لیگ ن کی قیادت نے ملک بھر کے تمام پارٹی کارکنوں کو 21 اکتوبر کو لاہور پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سپریم لیڈر نواز شریف نے مریم نواز کو فوری طور پر لندن طلب کر لیا ہے۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز ممکنہ طور پر اگلے ہفتے لندن روانہ ہوں گی جہاں ‘وہ اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کریں گی اور ایک ہفتہ لندن میں قیام کریں گی۔مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق مریم نواز شریف کو ان کی وطن واپسی کے استقبالیہ پلان کے بارے میں بریف کریں گی۔ وہ لاہور میں نواز شریف کے وطن واپسی پر استقبالیہ کو حتمی شکل دینے پر مشاورت کریں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ وہ سیاسی اور آئینی امور پر بھی بات کریں گے۔نواز شریف کے استقبالیہ پلان کو مریم نواز کی لندن سے واپسی کے بعد حتمی شکل دی جائے گی۔نون لیگ کا خیال ہے کہ جب مریم نواز اپنے والد کے ساتھ لاہور کے ائرپورٹ پر اتریں گی تو لاکھوں کا مجمع ان کے استقبال کے لیے وہاں موجود ہوگا جس کے بعد سیاست کا ماحول بالکل بدل جائے گا -اب دیکھتے ہیں کہ پنجاب کی کتنی عوام ان کے استقبال کے لیے لاہور آتی ہے –