ستمبر کی آمد کے ساتھ ہی موسم نے کروٹ بدلنا شروع کردی ہے اور اب آہستہ آہستہ درجہ حرارت بھی نیچے جارہا ہے لاہور میں بھی اس وقت مطلع ابر آلود ہے جس کی وجہ سے حبس اور گھٹن بہت زیادہ ہے جو بتلا رہا ہے کہ آنے والے دنوں میں بارشیں برسنے والی ہیں -اب اس کی تصدیق محکمہ موسمیات نے بھی کردی ہے اورمحکمہ موسمیات نے 15سے 20ستمبر تک ملک کے مختلف حصوں میں بارش کی پیش گوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 15 ستمبر سے خلیج سے ہوائیں ملک کے بالائی حصوں میں داخل ہونگی،16 ستمبر سے مغربی ہوائیں ملک میں داخل ہونگی،رپورٹ کے مطابق 15 سے 20 ستمبر تک ملک میں بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہو گا، 16 سے 20 ستمبر تک کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، شیخوپورہ سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔تاہم اس سے قبل کئی بار ایسا ہوا کہ محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی بالکل غلط ثابت ہوئی جس کی بڑی وجہ دنیا بھر میں ہونے والی موسمیاتی تبدیلیاں ہیں جس کے باعث دنیا بھر میں بہت تباہی آرہی ہے –