پاکستان میں ہر گزرتے دن کے ساتھ حالات بد سے بدتر ہوتے جارہے ہیں اور شرپسند اپنی شری کاروائیوں میں تیزی لارہے ہیں -2 روز قبل چترال اور تورخم بارڈر پر دہشت گردی کی کوشش کی گئی اور اب اطلاعات آئی ہیں کہ شر پسندوں نے بلوچستان کو ٹارگٹ کیا ہے -سوئی سے سبی جانے والے فٹبال ٹیم کے 6 کھلاڑیوں کو اغواء کرلیا گیا ہے۔لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے کچی کینال کے مقام پر کھلاڑیوں اغواء کیا ہے۔

 

 

اس کے بعد سے ابتک کھلاڑیوں کے اہل خانہ سے کوئی رابطہ نہیں ہوسکا، جن کا تعلق بگٹی ضلع سے تھا۔ ان 6 کھلاڑیوں میں عامر ولد ذاکر حسن، مریٹہ فیصل ولد حنیف سہیل، احمد ولد عمر بخش، یاسر ولد امیر بخش، شیراز ولد داد محمّد، بابر ولد ڈوٹا شامل ہیں۔تمام کھلاڑی آل پاکستان چیف منسٹر فٹبال گولڈ کپ کھیلنے جا رہے تھے، نگران وزیر کھیل نوابزادہ جمال رئیسانی نے کھلاڑیوں کےاغوا کا نوٹس لے لیا ہے۔نوابزادہ جمال رئیسانی نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی سے رابطہ کیا تو انہیں بتایا گیا کہ کھلاڑی سی ایم گولڈ کپ کوالیفائر کھیلنے سبی جارہے تھے۔نوابزادہ جمال رئیسانی نے ہدایت کی کہ کھلاڑیوں کی جلد اور باحفاظت بازیابی یقینی بنائی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے انہیں مزید بتایا کہ ریاستی ادارے صبح سے کوششوں میں مصروف ہیں، مغویوں کو جلد باحفاظت بازیاب کرایا جائے گا۔بتایا گیا کہ فٹبال کلب کی 18 رکنی ٹیم اور آفیشلز بگٹی سے روانہ ہوئے تھے ان میں سے 6 ابتک لاپتہ ہیں –