پاکستان کی معاشی حالت سے ہر امیر غریب پریشان ہے -غریب ایک وقت کی روٹی کوترس گیا ہے تو ارب پتی تاجر اپنے کاروبار کے بارے میں متفکر ہیں اور بہت سے لوگ تو اب دیارغیر میں کاروبار شروع کرنے پر غور کررہے ہیں -پاکستان کی تاجر برادری ملک کے بڑے سیاستدانوں کو مل بیٹھ کر مزاکرات کرنے کا مشورہ دے رہی ہے مگر سیاستدان ہیں کہ کسی کی بات سننے کو تیا نہیں- روزنامہ ڈیلی پاکستان کی خبر کے مطابق چیئر مین کراچی تاجر الائنس ایسوسی ایشن ایاز میمن موتی نے بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہی حالات رہے تو ڈالر چارسوروپے ، سونا تین لاکھ روپے تولہ اور سریاچار لاکھ روپے ٹن تک پہنچ جائیگا اور اگر پاکستان میں معاشی تباہی کو روکنے کے لیئے کوئی اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والے وقت میں مسائل میں مزید اضافہ ہوگا جو عوام کی زندگیوں میں مشکلات بڑھنے کا باعث بنے گا۔ ایاز میمن موتی والا نے کہا کہ جس شرح سے پاکستان کی آبادی بڑھ رہی ہے اور تو مستقبل میں لوگوں کے لیے اپنا گھر اور اپنی چھت خواب بن جائے گا، لوگ جھونپڑوں میں منتقل ہونے پر مجبورہو جائیں گے لہذا پاکستان کو معاشی طور پر تباہی تک پہنچانے کے ذمہ دار اور پاکستان کو چلانے والے اپنی گردن سے سریے کو درست کرلیں ورنہ ان کی انا، ضد ملک کومزید تباہی کے جانب لے جائیگی اور کہیں ایسا نہ ہو کہ ڈالر ایک ہزار روپے کی بلندترین سطح تک پہنچ جائے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ملک ڈیفالٹ کرجائے گا پھر کسی کے ہاتھ کچھ نہیں آنا

 

انہوں نے کہا کہ پاکستا ن امپورٹ بیسڈ ملک میں تبدیل ہوچکا ہے سمگلنگ عروج پر ہے، ایکسپورٹ زیرو، سیاحت ختم، نباتات سے لیکر دریا تک اور ہمار ی زرخیز زمین بنجر ہوگئی ہے ، ہمارے پاس اس وقت کچھ نہیں بچا اگر ملک کو مزید تباہی سے بچانا ہے تو ایماندار صاف ستھری محب وطن قیادت کو آگے لانا ہوگا اور نئی نسل کو ملک کی باگ دوڑ سنبھالنے کے لیئے تیار کرنا ہوگا،ملکی امور، معاشی بہتری اور ترقی کے لیئے نوجوانوں کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے خواب کو شرمندہ تعبیر بنا یا جاسکے ۔ ہماری حکومت اور اپوزیشن سے دست بدستہ اپیل ہے کہ کہ ان تاجروں کی باتوں پر دھیان دیں کیونکہ اگر ملک ہے تو حکومت ہے ریاست ہے تو ہی سیاست ہے – خدا پاک ہمارے وطن کو جلد اپنی رحمت اور لطف و کرم سے اس آزمائش سے نکالے کیونکہ بڑوں کی لڑائی کی سزا عوام ہی بھگتے ہیں –