پاکستان اور بالخصوص لاہور میں ناقص گوشت کی ترسیل عوام کی زندگیوں کے لیے مسلسل خطرات پیدا کررہی ہے ہزاروں روپے قیمت ہونے کے باوجو گوشت مافیا مردہ اور باسی گوشت لوگوں کو کھلانے سے باز نہیں آرہا اگرچہ حکومت اس پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے مگر شیطان صفت لالچی لوگ جرمانوں اور قید جیسی سزاؤں کے باوجود بار بار یہ جرم کرتے ہیں-آج بھی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور کی بکر منڈی میں کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں زائد المعیاد گوشت برآمد کر لیاہے ۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے جاری کر دہ بیان میں بتایا گیا کہ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی جہانگیر انور نے بکر منڈی میں چھاپہ مارا جس دوران گودام میں چھپایا گیا 1200 کلو زائدالمعیاد گوشت برآمد کر لیاگیاہے جبکہ مالک کو گرفتار کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا گیاہے ۔بیمار زدہ گوشت سپلائی کیلئے گودام میں چھپایا گیا تھا ، برآمد شدہ گوشت کو جلا کر تلف کر دیا گیاہے ، ناقص گوشت جعلی مہر لگا کر مہنگے داموں فروخت کیا جانا تھا ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ان قوم کے مجرموں کو سخت سزائیں دی جائیں –