پاکستان نے آج ہی کے روز 31 سال قبل 25 مارچ کو عمران خان کی قیادت میں ون ڈے ورلڈکپ جیتا تھا یہ واحد ورلڈ کپ ہے جو اب تک پاکستان کے حصے میں آیا -پاکستان 99 میں بھی ورلڈ کپ کے فائنل تک پہنچا تھا مگر فائنل میں اسے آسٹریلیا سے شکست ہوگئی تھی ۔ میلبورن کے تاریخی کرکٹ گرانڈ میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد فائنل میں انگلینڈ کو 22 رنز سے شکست دے کر عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز پایا تھا۔یادرہے کہ آج عمران خان مینار پاکستان گراؤنڈ میں اپنا چھٹا جلسہ کرنے جارہے ہیں جس کیلئے تیاریاں مکمل ہیں۔

پاکستان نے فائنل میں پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز سکور کیے تھے، اس وقت کے کپتان عمران خان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سب سے زیادہ 72 رنز بنا کر کپتانی کا حق ادا کیا تھا – ، جاوید میانداد نے 58 رنز کاحصہ ڈالا جبکہ انضمام الحق 42، وسیم اکرم 33 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ جواب میں انگلینڈ کی ساری ٹیم 227 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی ، نیل فیر برادر 62 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے تھے، وسیم اکرم اور مشتاق احمد نے 3،3 عاقب جاوید نے 2 وکٹ جبکہ کپتان عمران خان ایک وکٹ حاصل کرسکے۔فائنل میں شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس پر وسیم اکرم کو مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا تھا –