بھارتی ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور میں ایک رہائشی عمارت کی چوتھی منزل کی بالکونی سے گرنے سے ایک ایئر ہوسٹس کی موت ہو گئی۔ اس حادثہ کے وقت اس کے ساتھ اس کا بوائے فینڈ ساتھ تھا اس لیے شک کی بنیاد پر اس کے بوائے فرینڈ کو گرفتار کر کے اس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مرنے والی ائرہوسٹس ارچنا دھیمان حادثے سے صرف چار دن قبل دبئی سے بنگلورو پہنچی تھیں۔ وہ 28 سالہ بوائے فرینڈ آدیش کے ساتھ شہر کے ایک امیر ترین علاقے کورامنگالا میں ایک اپارٹمنٹ میں مقیم تھی۔
تفتیشی افسران کے مطابق آدیش ایک سافٹ ویئر فرم میں کام کرتا ہے اور دونوں کی ملاقات ایک ڈیٹنگ سائٹ پر ہوئی تھی جس کے بعد ان کی دوستی ہوئی اور وہ گزشتہ چھ ماہ سے تعلق میں تھے۔ آدیش سے پوچھ گچھ میں انکشاف ہوا کہ اس کی ارچنا سے اکثر لڑائی ہوتی تھی۔ اس نے بتایا کہ حادثے کی رات دونوں نے پی رکھی تھی اور ہوش میں نہیں تھے ۔ اسی حالت میں ارچنا بالکونی سے لڑھک کر نیچے جا گری، اسے قریبی ہسپتال لے جایا گیا جہاں اسے مردہ قرار دیا گیا۔ پولیس نے موت میں اس کے کردار کے شبہ میں آدیش کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے گرفتار کرلیا-