مشہور ومعروف بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن حیدرآباد میں اپنی فلم ’پراجیکٹ کے‘ کی شوٹنگ کے دوران شدید زخمی ہوگئے۔ امیتابھ بچن نے میڈیا پر اپنی صحت کے حوالے سے اپنے پرستاروں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد میں فلم’پراجیکٹ کے‘ کی شوٹنگ کے دوران ایکشن سے بھرپور ایک منظر کی عکس بندی کراوتے ہوئے میں زخمی ہوگیا تھا ۔اُنہوں نے مزید لکھا کہ میری ایک پسلی ٹوٹ گئی جس کے بعد شوٹنگ کو منسوخ کردیا گیا-
امیتابھ بچن نے لکھا کہ مجھے حیدرآباد کے اے آئی جی ہسپتال میں سی ٹی سکین کے بعد طبّی امداد دی گئی۔اُنہوں نے لکھا کہ ڈاکٹر کی جانب سے مکمل طور پر آرام کرنے کی ہدایات ملنے کے بعد میں گھر واپس آگیا ہوں، میں اس وقت اپنے گھر’جلسہ‘ میں موجود ہوں اور اپنے بستر سے صرف ضروری کاموں کے لیے اُٹھتا ہوں، اس لیے آج شام کو ’جلسہ‘ کے باہر آئے اپنے مداحوں سے ملاقات بھی نہیں کرسکوں گا۔اس سے پہلے بھی وہ فلم قلی کی شوٹنگ کے درمیان شدید زخمی ہوگئے تھے تاہم ان کی جان بچ گئی تھی –