وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے تصدیق کی ہے کہ چین کے بینک نے 70کروڑ ڈالرز جمع کروادیئے جو سٹیٹ بینک آف پاکستان کو موصول ہوگئے ہیں۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے پاکستانیوں کو بتایا کہ چائنا ڈویلپمنٹ بینک کی جانب سے بھیجے جانے والے 70کروڑ ڈالرز اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو موصول ہوگئے ہیں۔پاکستان کو اس نئی حکومت کے آنے کے بعد 2023 میں ملنے والی یہ پہلی امداد ہے –
سٹیٹ بینک حکام کا کہنا ہے کہ رقم چائنہ ڈویلپمنٹ بینک کی طرف سے رول اوور معاہدے کے بعد موصول ہوئی۔ ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں پاکستان اور چین کے درمیان معاہدہ ہوچکا تھا۔ ذرائع کے مطابق رقم کی وصولی سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر 4 ارب ڈالرز کے قریب پہنچ گئے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف سطح کے معاہدے اور پروگرام کے ٹریک پر آنے کے بعد مزید فنانسنگ ملے گی۔
پاکستان کو چین سے 70 کروڑ ڈالر موصول ہوگئے، اسحاق ڈار#DunyaNews #IshaqDar #China pic.twitter.com/1dFFIF0ES5
— Dunya News (@DunyaNews) February 25, 2023
اس سے دو روز قبل وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ چائنہ ڈویلپمنٹ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پاکستان کو 70کروڑ امریکی ڈالرز فنڈز بطور قرض دینے کی منظوری دے دی ہے جس کی بس رسمی کارروائی باقی ہے۔وزیرخزانہ نے لکھا تھا کہ یہ رقم اگلے ہفتے تک سٹیٹ بینک کے اکاﺅنٹ میں آجائے گی جس کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوگا۔اور پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کے خطرات بھی کم ہوجائیں گے -اب حکومت کوشش کرے گی کہ 8 سے 10 روز تک آئی ایم ایف سے بھی معاہدے کے بعد ایک اعشاریہ ایک ارب ڈالر پاکستان کو مل جائیں تاکہ وہ دوسرے دوست ممالک سے بھی کچھ پیسہ لے کر ملک کی گرتی معیشت کو سہارا دے سکیں –