پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلر وہاب ریاض جنہیں پنجاب کی نگران کابینہ میں وزارت کھیل کا عہدہ دیا گیا ہے سیاست میں آنے کے بارے میں سنجیدگی سے غور کررہے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ وہ پنجاب کے کسی حلقے سے نون لیگ کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے آج انھوں نے اس بارے میں بھی گفتگو کی – وہاب ریاض نے کہا ہے کہ مجھے سیاست میں آنے کا موقع ملا تو میں نے اس کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی۔
وہاب ریاض نے کہا کہ میں کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں کیلئے کچھ کرنے کا سوچ کر آیا ہوں، میرا ٹارگٹ زیادہ ٹورنامنٹ کرانا اور کھلاڑیوں کو مراعات دینا ہے،کرکٹرز کی ڈیلز، مراعات اور شہرت زیادہ ہوتی ہے، ہاکی ،سکواش اور بیڈ منٹن، اولمپکس اور دیگر گیمز کیلئے ہمیں بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ایسا پلیٹ فارم ہے کہ ہر کوئی پرفارم کر کے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنا چاہتا ہے، میرے لیے یہ چیز اہم نہیں کہ کون پرفارم کر رہا ہے مجھے دیکھنا ہے کہ میں کیسا پرفارم کرتا ہوں، میرے کھیلنے کا مقصد یہی ہے کہ میں نے کم بیک کرنا ہے، باقی سب کی طرح میں بھی پاکستان کیلئے کھیلنا چاہتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ میں ابھی فٹ ہوں کرکٹ کھیل رہا ہوں اب مجھے جہاں موقع ملے وہاں پرفارم کرنا ہے، لیگز کھیل کر میں بھی خود کو متحرک رکھتا ہوں۔یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے عہدے کی آفر کے بعد وہاب ریاض کو پہلے ہی میچ میں افتخار احمد نے ایک اوور میں 6 چھکے مار دیے تھے جس پر سوشل میڈیا پر ان کی بہت ٹرولنگ بھی ہوئی تھی مگر ان کا کہنا ہے کہ کرکٹ میں کسی بھی وقت کچھ بھی ہوسکتا ہے –