لاہور: پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن نے سموگ کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر لاہور کے سکولوں میں ہفتہ وار تین چھٹیوں کے احکامات کی تعمیل کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ اور پنجاب حکومت کے ہفتے میں تین دن چھٹی کے احکامات کے باوجود لاہور کے متعدد اسکول آج کھلے ہیں۔
Image Source: BS
چونگی، نشتر ٹاؤن، کاہنہ، گجوماتا، رائے ونڈ روڈ اور دیگر علاقوں میں واقع اسکول آج کھلے ہیں کیونکہ پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن نے لاہور ہائیکورٹ اور پنجاب حکومت کے احکامات ماننے سے انکار کر دیا ہے۔
بدھ کے روز، پنجاب حکومت نے لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے بعد، شدید سموگ کے باعث صوبائی دارالحکومت میں اسکولوں کے لیے ہفتے میں تین دن چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
سرکاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ لاہور کے تمام اسکول جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو بند رہیں گے۔ “تین ہفتہ وار چھٹیوں کا فیصلہ اگلے حکم تک نافذ رہے گا،” حکومت نے اعلان کیا۔
گاڑیوں، کارخانوں سے نکلنے والا دھواں اور فصلوں کی باقیات کو جلانا اس گھنے سموگ کے پیچھے بڑے عوامل ہیں جو موسم سرما کے ابتدائی دنوں میں شہروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے۔