ورلڈ کپ فائنل سے قبل بابر اعظم کا اعتماد سے بھرپور بیان سامنے آگیا ان کا اکہنا تھا کہ ان کے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور کوئی بھی نروس نہیں ہے –
پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ہفتے کے روز کہا کہ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 میں انگلینڈ کے خلاف فائنل مقابلے کے لیے اپنی حکمت عملی پر قائم رہے گی۔میلبورن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر نے کہا کہ فائنل میچ کا موازنہ 1992 کے ورلڈ کپ سے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑی گھبرانے والے نہیں ہیں ۔
کپتان نے کہا کہ تمام کھلاڑی فائنل کے لیے پرجوش ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم بہت اچھی ہے تاہم پاکستان نے ان کے ساتھ ہوم سیریز کھیلی ہے اور ٹیم فائنل میں اپنا 100 فیصد حصہ دے گی۔ سیمی فانل میں ففٹی بنا کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے کپتان کا کہنا تھا کہ ہماری شروعات اچھی نہیں تھی لیکن ہم نے اچھی واپسی کی کیونکہ تمام کھلاڑی شیروں کی طرح کھیلے۔
انگلینڈ کے خلاف فائنل مقابلے کے حوالے سے بابر نے کہا کہ پہلے چھ اوورز انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اللہ پر یقین رکھتے ہیں۔ ہمارا کام محنت کرنا ہے اور نتیجہ اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ بابراعظم نے کہا کہ رمیز راجہ نے ٹیم کو کھل کر کھیلنے کو کہا۔کپتان نے یہ بھی کہا کہ فائنل میچ میں ٹاس زیادہ اہمیت نہیں رکھتا۔ “موسم ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے لیکن ہم امید کرتے ہیں کہ ہم ایک پورا میچ کھیل سکیں گے اور یہ بارش سے متاثر نہیں ہوگا ۔پوری پاکستانی قوم شدت کے ساتھ کل کے اس میچ کی منتظر ہے –