اسلام آباد: موسم سرما میں گیس کے بڑھتے ہوئے بحران سے نمٹنے کے لیے، وفاقی حکومت نے مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی درآمد کے لیے پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قوانین میں نرمی کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مخلوط حکومت نے سردیوں کے موسم میں گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ایل پی جی کی درآمد کے لیے پی پی آر اے کے قوانین میں نرمی کی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ سے منظوری سرکولیشن سمری کے ذریعے لی جائے گی۔

Image Source: BBC

پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی میں نرمی کے قوانین کا اطلاق ایل پی جی کے اسپاٹ کارگوز کی درآمد پر ہوگا۔ سوئی سدرن ایل پی جی لمیٹڈ کے لیے سپاٹ کارگو کی درآمد کے قوانین میں نرمی ہوگی۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ حکومت نے آئندہ 5 ماہ میں ایک لاکھ میٹرک ٹن ایل پی جی درآمد کرنے کی تجویز دی ہے جب کہ نومبر 2022 سے مارچ 2023 تک ماہانہ 20 ہزار ٹن ایل پی جی درآمد کرنے کا منصوبہ ہے۔
قبل ازیں وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات اسحاق ڈار نے موسم سرما کے دوران گیس کی فراہمی کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس کو موسم سرما میں گیس کی طلب اور رسد کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں گھریلو اور صنعتی استعمال کے لیے گیس کی مناسب فراہمی اور سردیوں کے موسم میں شارٹ فال کو کم کرنے کے طریقوں پر بھی غور کیا گیا۔