پاکستان اور چین کا سی پیک کا دائرہ کار وسیع کرنے پر اتفاق
پاکستان اور چین نے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے دائرہ کار کو بنیادی ڈھانچے کی ترقی سے پاکستان کی صنعتی صلاحیت بڑھانے تک وسیع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ مفاہمت پیر کو اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال اور چین کے سفیر نونگ رونگ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں طے پائی۔
ملاقات میں توانائی اور بجلی کے منصوبوں پر باہمی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
image source: Deccan Herald
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں خود انحصاری سے ملک میں معاشی استحکام آئے گا۔
خصوصی اقتصادی زونز کو کامیاب بنانے میں چین کے تعاون کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ CPEC کا اصل مقصد پاکستان میں صنعتوں کا فروغ ہے۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ بلوچستان کی خوشحالی گوادر کی ترقی سے منسلک ہے، احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر گوادر میں بجلی کی ٹرانسمیشن لائنوں پر کام تیز کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران سے گوادر کو بجلی کی فراہمی دسمبر 2022 تک اور نیشنل گرڈ سے مارچ 2023 تک شروع ہو جائے گی۔