اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم عمران خان کے معاون بیرسٹر مرزا شہزاد اکبر کے خلاف مبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثے رکھنے پر انکوائری شروع کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق احتساب کے نگراں ادارے نے سابق وزیراعظم کے مشیر کے خلاف انکوائری شروع کرتے ہوئے انہیں 21 اکتوبر کو طلب کر لیا ہے۔
Image Source: The Express Tribune
ذرائع نےبتایا کہ نیب نے شہزاد اکبر کو کال اپ نوٹس جاری کیا ہے اور انہیں 21 اکتوبر کو واچ ڈاگ کے لاہور آفس میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
اس سے قبل اگست میں وفاقی کابینہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہزاد اکبر سمیت 10 نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی منظوری دی تھی۔
اکبر اور بیرسٹر ضیاء المصطفیٰ نسیم ان 10 افراد میں شامل تھے جنہیں وفاقی کابینہ نے ای سی ایل میں ڈالا تھا جب کہ حکومت نے نو فلائی لسٹ سے 22 نام نکالنے کی منظوری دی تھی۔