کراچی: پاکستان رینجرز اور سندھ پولیس نے کراچی شہر کے علاقے کورنگی میں مشترکہ کارروائی کے دوران پانچ مطلوب اسٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خفیہ اطلاع پر کورنگی کے علاقے میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 5 مطلوب اسٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کرلیا۔
ایک بیان میں رینجرز کے ترجمان نے کہا کہ گرفتار ملزمان جن کی شناخت آفاق، یونس، یعقوب، عبداللہ اور کمال کے نام سے ہوئی ہے، اسٹریٹ کرائمز کی 500 سے زائد وارداتوں میں ملوث تھے۔
Image Source: TheCable
چھاپہ مار ٹیم نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود، 9 موٹر سائیکلیں اور 17 موبائل فونز بھی برآمد کر لیے۔ ملزمان 300 سے زائد موبائل فون اور 35 موٹر سائیکلیں چوری کر چکے ہیں۔
ترجمان رینجرز کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان نے اسٹریٹ کرائمز کے دوران لاکھوں روپے کی لوٹ مار بھی کی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ملزمان چوری کی موٹر سائیکلوں کے پرزے مارکیٹ میں فروخت کرتے تھے۔
ادھر رینجرز نے ملزمان کو پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
کراچی کے شہری بدستور جرائم پیشہ افراد کے رحم و کرم پر ہیں اور رواں سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران اسٹریٹ کرائمز میں اب تک 70 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
سٹیزن-پولیس رابطہ کمیٹی (سی پی ایل سی) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، کراچی میں گزشتہ نو ماہ کے دوران – جنوری 2022 سے ستمبر 2022 کے وسط کے دوران اسٹریٹ کرائم کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا۔
رواں سال کے گزشتہ آٹھ ماہ میں شہر میں اسٹریٹ کرائم کے دوران مجموعی طور پر 71 افراد ہلاک اور 300 کے قریب افراد زخمی ہوئے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں رواں ماہ کے دوران چوری کی وارداتوں کے خلاف مزاحمت پر تقریباً 12 شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
سی پی ایل سی نے موبائل فونز اور موٹرسائیکل چھیننے اور گاڑیوں کی چوری کے واقعات میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا ہے۔
رواں سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران شہر بھر میں اسٹریٹ کرائم کے 58 ہزار واقعات رپورٹ ہوئے۔