چودھری پرویز الٰہی کی زیر قیادت پنجاب حکومت نے حافظ آباد، گجرات اور پنڈی بھٹیاں سمیت چھ مختلف شہروں میں دس سڑکوں کی تعمیر اور اپ گریڈیشن کی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے آٹھ مختلف سڑکوں کو چوڑا کیا جائے گا۔ ضلع حافظ آباد میں 134 کلومیٹر سڑک کو اپ گریڈ کیا جائے گا جس پر کل 43 ارب روپے لاگت آئے گی۔
Image Source: GVS
تقریبا 98 کلومیٹر حافظ آباد گجرات روڈ کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا جس پر 8.2 ارب روپے لاگت آئے گی۔ پنڈی بھٹیاں میں مزید 36 کلومیٹر سڑک کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا جس پر 910 ملین روپے لاگت آئے گی۔
اگست کے شروع میں، پنجاب حکومت نے ضلع گجرات کو ڈویژن میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا، جس سے صوبے میں ڈویژنوں کی کل تعداد 10 ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کی جانب سے حتمی منظوری کے بعد گجرات کو ڈویژن میں ترقی دے دی گئی۔ گجرات شہر کو نئے بننے والے ڈویژن کا ڈویژن ہیڈ کوارٹر بنا دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ڈویژن میں تین اضلاع گجرات، منڈی بہاؤالدین اور حافظ آباد شامل ہوں گے۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا تعلق گجرات سے ہے اور وہ اسی علاقے سے ایم پی اے منتخب ہوئے ہیں۔ مسلم لیگ (ق) ماضی میں بھی گجرات کو ڈویژن میں تبدیل کرنے کا مطالبہ کرتی رہی ہے۔