لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) محمد سلیم بیگ کی تقرری کے خلاف دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے محمد کاشف کی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔
درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ عرفان ناصر چیمہ عدالت میں پیش ہوئے۔

Saleem Baig re-appointed as Pemra Chairman - BaaghiTV English

Image Source: Baaghi TV

درخواست میں وفاقی حکومت، وزارت اطلاعات، کابینہ ڈویژن اور چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ کو فریق بنایا گیا تھا۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ چیئرمین پیمرا کی تقرری کے لیے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین پیمرا کی تقرری کے لیے اخبار میں اشتہار تک نہیں دیا گیا۔
درخواست میں کہا گیا کہ تقرری سپریم کورٹ کے اشرف ٹوانہ سمیت دیگر عدالتی فیصلوں کے برعکس کی گئی۔ سابق چیئرمین پیرما ابصار عالم کی تعیناتی سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی بھی خلاف ورزی ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ کی تقرری کے اقدام کو کالعدم قرار دے اور کیس کے حتمی فیصلے تک چیئرمین پیمرا کو کام کرنے سے روکنے کا حکم دے۔
اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی تقریر براہ راست نشر کرنے کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت اور پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) سے جواب طلب کر لیا ہے۔