راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ ترین اعزاز آرڈر آف دی یونین میڈل سے نوازا گیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے متحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ کیا اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید سے ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی و سکیورٹی تعاون اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا، “دونوں شخصیات نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات بھائی چارے کے خوشگوار اور گہری جڑوں کی ایک عظیم تاریخ کا اشتراک کرتے ہیں جو ایک پائیدار شراکت داری میں تبدیل ہو رہی ہے”۔
فوج کے میڈیا ونگ نے مزید کہا کہ آرمی چیف کو متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرنے پر آرڈر آف دی یونین میڈل سے نوازا۔
سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز، چین کے صدر شی جن پنگ، سابق امریکی صدر جارج بش، جرمن چانسلر انجیلا مرکل اور دیگر بڑے عالمی اور جی سی سی رہنماؤں نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔