مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ نواز شریف جلد واپس آرہے ہیں انھوں نے عمران خان کے لاہور جلسے کی تقریر کے حوالے سے کہا کہ ہم نواز شریف کو کسی طور گرفتار ہونے نہیں دیں گے -عمران خان نے ہاکی گراؤنڈ جلسے میں کہا تھا کہ نواز شریف واپس آکر دیکھ تیرا کیسا استقبال ہوتا ہے تحریک انصاف تمہاری پاکستان آمد کی منتظر ہے اس کے جواب میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی پر ایسا استقبال کیا جائے گاکہ لوگ دیکھیں گے ، ایک بات ذہن میں رکھیں کہ ہم نواز شریف کو جیل نہیں جانے دیں گے
جاوید لطیف کا کہنا تھاکہ وزیراعلیٰ کے انتخاب کے روز 22 جولائی کو کچھ لوگ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کی دیواریں پھلانگ کر اندر گئے ، شیشے توڑے گئے جس پر کہا گیا کہ یہ ان لوگوں کے جذبات تھے جب ہمارے لوگ سپریم کورٹ میں داخل ہوئے تو اس بات کو عدلیہ پر حملہ قرار دیدیا گیا ، جناب تب بھی لوگوں کے جذبات ہی تھے مگر اس وقت ہم پر ایف آئی آرز کٹی تھیں
ان کا الزام تھا کہ خان نے پاکستان کی معیشت کو ڈبو دیا، عمران خان اکیلا مجرم نہیں ، ثاقب نثار مرکزی ملزم ہے ، مسلم لیگ (ن ) نے ہمیشہ اداروں کا احترام کیا ، ہم اداروں کا احترام کرنے والوں میں سے ہیں مگر ایک شخص کو صادق و امین کا سرٹیفکیٹ دیا گیا جبکہ ملک کو اندھروں سے نکالنے والے کو ہائی جیکر قرار دیدیا گیا
جاوید لطیف نے اسٹیبلیشمنٹ پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا میں آج جو کچھ ہو رہاہے سب سامنے ہے ، نواز شریف کو نکال کر اس کو لانے والے سب کچھ سامنے آنے کے باوجود بھی کچھ نہیں سیکھے ، کچھ لوگ آج بھی اس کی ڈوریاں ہلا رہے ہیں ، ہمیں سب معلوم ہے ۔