وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان پرامن، مستحکم، خوشحال اور منسلک افغانستان کے لیے پرعزم ہے۔
تاشقند میں افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی سے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان اور خطے میں چار دہائیوں سے طویل تنازع کے خاتمے اور پائیدار امن و استحکام کے قیام کے امکانات موجود ہیں۔
وزیر خارجہ نے افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور بین الاقوامی انسانی امداد میں سہولت فراہم کرنے کے لیے پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے مختلف اقدامات پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے اقتصادی انضمام اور علاقائی روابط کو فروغ دینے کے لیے تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
علاقائی رابطوں اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ عامر خان متقی نے انسانی امداد بھیجنے اور گزشتہ چار دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کرنے پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔