وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک کو پائیدار ترقی کی طرف لے جانے کے لیے سیاسی قیادت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو چارٹر آف اکانومی پر اتفاق کرنا ہو گا۔
پیر کو اسلام آباد میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بظاہر یہ مشکل کام ہے لیکن ناممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ذاتی مفادات سے اوپر اٹھ کر ملکی مفاد کو مقدم رکھنا ہو گا۔
منصوبہ بندی کے وزیر نے کہا کہ ‘ٹرن اراؤنڈ پاکستان کانفرنس’ اس ماہ کی 28 تاریخ کو منعقد کی جا رہی ہے کیونکہ حکومت ملک کو بحالی کی طرف لے جانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے ایک روڈ میپ تیار کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پیشہ ور افراد پاکستان کے مستقبل کی کنجی رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نجی شعبے، سرمایہ کاروں اور نوجوانوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہو گا تاکہ ان کی بھرپور صلاحیتوں سے استفادہ کیا جا سکے۔
احسن اقبال نے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور ادارہ جاتی اصلاحات کو یقینی بنانے کے لیے پالیسیوں کے تسلسل اور سیاسی استحکام کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ خسارے کے مسائل سے نمٹنے کے لیے ہمیں ملک کو برآمدات کی ترقی کی طرف لے جانا ہے۔