بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں کوئٹہ ژوب قومی شاہراہ پر اخترزئی کے علاقے میں مسافر بس کھائی میں گرنے سے 22 افراد جاں بحق ہوگئے۔حافظ محمد قاسم کاکڑ، ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ نے نجی ٹیلی وژن کو بتایا کہ امدادی کارکنوں نے جائے وقوعہ سے 22 لاشیں نکال لی ہیں۔ حادثے میں ایک بچہ بھی شدید زخمی ہوا جس کی جان بچانے کی سرتوڑ کوشش کی جارہی ہے ۔کاکڑ نے مزید بتایا کہ مسافر وین لورالائی سے ژوب جا رہی تھی کہ ضلع کے علاقے اخترزئی میں گہری کھائی میں جا گری ۔ حادثے میں ایک ہی بدنصیب خاندان کے پانچ افراد جاں بحق بھی ہوئے
مقامی قبائلی اور میڈیکل ایمرجنسی رسپانس سینٹر کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور لاشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حادژے کا شکار ہونے والوں میں سے 12 کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر قدوس بزنجو نے جان لیوا حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو جاں بحق ہونے والوں کے ورثا کی داد رسی کی ہدایت کی ہے۔
حاصل بزنجو نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ شدید زخمی ہونے والے بچے کو مناسب طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ بلوچستان میں راستے ناہموار ہونے کے سبب گاڑیوں کے کھائیوں میں گرنے کے اکثر واقعات رپورٹ ہوتے رہتے ہیں ابھی کچھ روز قبل بھی خیبرپختونخوا کے ضلع بالائی کوہستان میں مٹہ بانڈہ کے قریب گلگت سے راولپنڈی جانے والی کوسٹر کھائی میں گرنے سے بھی کم از کم تین افراد جاں بحق اور دس سے زائد زخمی ہوگئے تھے جنہیں ایبٹ آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔