عمران خان نے پاکستانی عوام سے درخواست کی تھی کہ ملک میں بڑھتی مہنگائی کے خلاف احتجاج کےلیے آوازبلند کریں جس پر پی ٹی آئی کے کارکنان اور حامی جمعے کو کراچی پریس کلب کے باہر بجلی ، پیٹرول اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کے خلاف احتجاج کی کال کے مطابق جمع ہوئے اور شہباز کی قیادت والی حکومت سے مستعفی ہونے اور فوری عام انتخابات کا مطالبہ کیا۔
پی ٹی آئی سندھ چیپٹر کے صدر علی زیدی، سندھ کے سابق گورنر عمران اسماعیل، کراچی پی ٹی آئی کے صدر بلال غفار اور پارٹی کے ایم این ایز اور ایم پی اے کی قیادت میں مظاہرین نے “امپورٹڈ حکومت” کے خلاف نعرے لگائے اور وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی پالیسیوں کو تباہ کن قرار دیا۔وزیر اعظم شہباز شریف کی حکومت کے خلاف نعرے والے پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علی زیدی نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس بے تحاشہ اضافے نے درحقیقت اس درآمدی حکومت کی دیگر نا اہلی اور عوام دشمن اقدام کی قلعئی کھول کر رکھ دی ہے ۔
سندھ کے سابق گورنر عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ “امپورٹڈ لیڈرز” اقتدار کو اپنے کنٹرول میں لینے کے لیے اتنے بے چین تھے کہ انہیں دنیا کی معیشت کی صورتحال کا احساس ہی نہیں تھا اور ان کی نااہلی نے ان کو مزید بے نقاب کیا جب وہ ملک کے لیے کوئی منصوبہ پیش کرنے میں ناکام رہے۔