بالی ووڈ کے معروف اداکار جن میں شاہ رخ خان، امیتابھ بچن، اجے دیوگن اور رنویر سنگھ شامل ہیں ایک اشتہار کی وجہ سے مشکل میں پھنس گئے اور ان کو گٹکے اور تمباکو برانڈ کی تشہیر کرنا مہنگا پڑ گیا۔سٹارز کے گٹکے اور تمباکو برانڈ کے اشتہار میں کام کرنے پر تمنا ہاشمی نامی سوشل ایکٹویسٹ کی جانب سے مقامی عدالت میں مقدمہ درج کرادیا گیا جبکہ کیس کو عدالت کی جانب سے سماعت کے لیے بھی مقرر کرلیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ان اداکاروں (شاہ رخ، امیتابھ، اجے دیو گن اور رنویرکپور ) کو بہار کورٹ میں مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مدعی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ معروف فلمی شخصیات اپنی شہرت کا غلط استعمال کررہے ہیں۔
تمنا ہاشمی کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ اسٹارز کو بچے اور کم عمر لڑکے لڑکیاں بھی فالو کرتی ہیں اگر وہ گٹکے اور تمباکو جیسے برانڈ کی تشہیری مہم میں شامل ہوں گے تو مداحوں کے ذہنوں پر منفی اثرات مرتب ہوں گے اور وہ بھی غلط اشیا کا استعمال کرسکتے ہیں اور نشے کی لت میں پڑ سکتے ہیں جو ملک اور معاشرے کی تباہی کا ذریعہ بن سکتا ہے ۔