پاکستان کے موجودہ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھتیجے کی گرفتاری کے بعد شیخ رشید کو پوری رات نیند نہیں آئی، انہوں نے عدالت میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دے رکھی ہے، شیخ رشید نے درخواست دی ہے کہ انہیں ڈر ہے کہ گرفتار کیا جائے گا۔رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ شیخ رشید کہتے تھے کہ جیل ان کا سسرال اور ہتھکڑی ان کا زیور ہے، تو شیخ رشید سسرال جانے سے گھبراتے کیوں ہیں؟ عمران خان فرح گوگی کے وکیل بنے ہوئے ہیں، وہ ایمنسٹی اسکیم بھی گوگی کے لیے لائے، عثمان بزدار صرف نام کے وزیرِ اعلیٰ تھے، انہیں فرح کے ذریعے کنٹرول کیا جاتا تھا۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان سے مخاطب ہو کر دھمکی دی کہ آپ اپنی حرکتوں سے باز آئیں، عمران خان اپنے فین کلب کو بدتمیزی پر اکسانے کے لیے مہم چلا رہے ہیں، اپنے کارکنوں کو سیاسی قائدین کے خلاف اکساتے رہے تو آپ بھی ردِ عمل سے نہیں بچ سکیں گے، باز نہ آئے تو ہمیں اپنے کارکنوں کو کہنا پڑے گا کہ کہیں بدتمیزی ہو تو ان کو پکڑیں اور مرمت کریں، ان کو جوتے پڑیں گے، یہ ٹھیک ہو جائیں گے، اپنے کارکنوں کی مرمت کروانا چاہتے ہیں تو کروا لیں، سیاسی قائدین کی عزت کریں۔
انہوں نے کہا کہ آپ مجھے جانتے نہیں، لانگ مارچ پُرامن نہ ہوا اور انتشار پیدا کیا گیا تو گھر سے نکلنے نہیں دوں گا – یہ آپ کی بھول ہے کہ آپ انتشار اور افراتفری کا ماحول پیدا کریں گے، تم لوگوں کو آگ لگانے کی ترغیب دے رہے ہو، پہلے اپنے وجود کو آگ لگاؤ، اگر اس حرکت سے باز نہ آئے، تو خود بھی بچ نہیں سکو گے۔