پاکستان کے دشمنوں کو پاک چین دوستی آنکھ میں ریت کی طرح کھٹکتی رہتی ہے -انڈیا کے ہاتھوں میں کھیلنے والے اور پیسوں کے پجاری یہ شیطان صفت لوگ اپنے علاقے کے معصوم لوگوں کو استعمال کرتے ہیں اور اب انھوں نے اس مکروہ کام کے لیے خواتین کا استعمال بھی شروع کردیا ہے
کراچی دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے چین نے بدھ کے روز جامعہ کراچی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے جس میں2 خواتین اساتزہ سمیت تین چینی شہری ہلاک اور ایک زخمی ہوا تھا۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو فوری طور پر واقعے کی مکمل تحقیقات کرنی چاہئیں، “مجرموں کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لانا چاہیے اور پاکستان میں چینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ چینی باشندوں کو نشانہ بنا نے کا دہشت گردی کا تیسرا بڑاواقعہ ہے ۔”
ترجمان نے متاثرین سے دلی تعزیت اور زخمیوں اور سوگوار خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین اس بڑے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت اور غصے کا اظہار کرتا ہے اور متاثرین کے تئیں گہری تعزیت اور زخمیوں اور سوگوار خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتا ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ چینی وزارت خارجہ اور پاکستان میں سفارتی مشن نے واقعے کے فوری بعد ہنگامی ردعمل کا طریقہ کار فعال کر دیا تھا۔
معاون وزیر خارجہ وو جیانگ ہاؤ نے بھی چین میں پاکستانی سفیر معین الحق کو فوری فون کال کر کے انتہائی تشویش کا اظہار کیا۔