سکھوں کے روحانی پیشواگرونانک کے جنم دن کے موقع پر سکھ یاتریوں کی ایک بڑی تعداد پاکستان کے علاقے حسن ابدال پہنچ گئیں جس کے بعد وہ ننکانہ صاحب جائیں گے -اس وقت گوردوارہ پنجہ صاحب، حسن ابدال میں خالصہ کی سالگرہ اور بیساکھی تہوار کی تقریبات کے لیے سکھ یاتری حسن ابدال پہنچ گئے ہیں۔سماجی اور اقلیتی رہنماؤں سمیت ملک بھر سے سکھ بھی آج یہاں مذہبی رسومات اور مرکزی تقریبات میں شرکت کریں گے۔ زائرین کو سخت سیکیورٹی میں لاہور سے حسن ابدال لایا گیا۔
گوردوارہ صاحب کے ارد گرد سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جہاں پولیس کے ساتھ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی اس جگہ کی حفاظت کر رہے ہیں۔ گردوارہ کو برقی قمقموں سے خوبصورتی سے روشن کیا گیا ہے۔ گوردوارے کے اندر زائرین کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔
پارٹی کے رہنما سردار ارویندر سنگھ خالصہ نے میڈیا کو بتایا کہ ہمیں یہ دیکھ کر دلی مسرت ہوئی ہے کہ پاکستان میں ہماری عبادت گاہوں کی تزئین و آرائش کی گئی ہے اور ان کی اصل حالت میں بحالی کی گئی ہے اور مناسب حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں جس کے لیے ہم حکومت پاکستان اور چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کے مشکور ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانیوں کے شکر گزار ہیں کہ وہ بھی ہماری خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں اور سکھ برادری کو بہت پسند کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور پوری دنیا کے زائرین پاکستان کو عزت اور محبت دینے پر سراہتے ہیں۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے ترجمان امیر حسین ہاشمی نے اچھی کوریج پر میڈیا کا شکریہ ادا کیا جس سے مذہبی سیاحت کو فروغ دینے میں مدد ملتی ہے۔ مرکزی تقریبات کے بعد یاتری 15 اپریل کو گرو نانک کی جائے پیدائش ننکانہ صاحب پہنچیں گے۔