مسلم لیگ (ق) نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں تاخیر کے خلاف مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کی جانب سے دائر درخواست میں فریق بننے کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
مسلم لیگ ق کے رہنما کامل علی آغا نے اپنے وکیل عامر سعید کے ذریعے عدالت میں متفرق درخواست دائر کی۔
درخواست میں کہا گیا کہ چوہدری پرویز الٰہی پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے امیدوار بھی ہیں اور انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں ان کے مخالف اور اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کی جانب سے دائر درخواست میں فریق بنایا جائے۔
وکیل نے موقف اختیار کیا کہ متعدد ایم پی اے کو مختلف ہوٹلوں میں یرغمال بنایا گیا ہے اور عدالت سے استدعا کی کہ ان کی بازیابی کا حکم دیا جائے۔
ووٹنگ میں تاخیر کے خلاف درخواستوں پر عدالت نے اس سے قبل جواب دہندگان کو 11 اپریل کے لیے نوٹس جاری کیے تھے۔