پاکستان میں سیاست ہر گھنٹے رنگ بدلتی جارہی ہے اس وقت خبر موصول ہورہی ہے کہ پنجاب کی اسمبلی کو بھی تحلیل کیا جارہا ہے اس کے علاوہ عمران خان بھی ایک روزہ دورے پر کل لاہور آرہے ہیں
باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کے بعد پنجاب اسمبلی بھی تحلیل ہونے کا امکان ہے کیونکہ وزیراعظم عمران خان نے نومنتخب صوبائی گورنر عمر سرفراز چیمہ کو آج وزیراعظم آفس میں طلب کیا ہے۔اس معاملے سے باخبر ذرائع نے بتایا کہ ملاقات کے دوران گورنر عمر سرفراز چیمہ آئندہ کی حکمت عملی کے بارے میں رہنمائی حاصل کریں گے اور وزیراعظم سے موجودہ سیاسی صورتحال اور صوبائی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے نامزد گورنر عثمان بزدار کو عبوری وزیر اعلیٰ کی ذمہ داریاں سونپ سکتے ہیں۔محمد سرور کو صدر عارف علوی کی جانب سے ر برطرف کرنے کے بعد سرفرازچیمہ کی تقرری مبینہ طور پر مسلم لیگ (ق) کے پرویز الٰہی کی شکایت پر کی گئی تھی۔
دریں اثناء وزیراعظم نے عثمان بزدار اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما میاں محمود الرشید کو بھی آج اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ دونوں وزیر اعظم کو صوبائی اسمبلی میں نمبر گیم کے بارے میں بریفنگ دیں گے۔اجلاس میں صوبے میں جاری سیاسی بحران سے نمٹنے کے لیے مختلف آپشنز پر غور کیا جائے گا۔
ملک کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے میں اس وقت اسمبلی کے اندر ڈرامہ دیکھنے میں آیا جب وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے ووٹنگ نہ ہوئی ااور وزیرقانون فواد چوہدری کی مختصر تقریر کے بعد ڈپٹی سپیکر قاسم نون کی جانب سے اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔