شیخ رشید احمد نے اعلان کیا کہ پیپلز پارٹی کے مفرور ایم این اے جام عبدالکریم کو پاکستان پہنچنے پر گرفتار کر لیا جائے گا کیونکہ وہ ناظم جوکھیو قتل کیس میں نامزد ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے قبل ملزم کو ضمانت حاصل کیے بغیر دبئی سے پاکستان لایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔ وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ڈی جی ایف آئی اے اور آئی جی سندھ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایئرپورٹ پہنچتے ہی گرفتار کریں۔اس موقع پر شیخ رشید نے کہا کہ عدم اعتماد کی قرارداد پر ووٹنگ 3 یا 4 اپریل کو ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ہر جماعت کو وفاقی دارالحکومت میں عوامی اجتماعات کی اجازت ہے لیکن کسی کو اسلام آباد میں دھرنا دینے یا ریڈ زون میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو تجویز دی ہے کہ تحریک انصاف آئندہ مالی سال کے لیے عوام دوست اور غریب نواز بجٹ پیش کرے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی، انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن عمران خان کو مقبولیت کی بلندیوں پر لے گئی ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں، وزیر نے کہا کہ انہوں نے ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف سوشل میڈیا مہم میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان اپنے وژن کے مطابق فیصلے کرتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے تجویز دی تھی کہ آئندہ بجٹ کے بعد الیکشن کی طرف بڑھیں لیکن وزیراعظم عمران خان نے ان کی تجویز مسترد کردی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نے سندھ میں گورنر راج کی تجویز بھی مسترد کر دی تھی۔