اسلام آباد سیاسی اکھاڑہ بن گیاہے -ملک بھر سے حکومت اور اپوزیشن کے قافلوں نے اسلام آباد کی جانب رخت سفر باندھ لیا ہے ،اسی سلسلے میں مسلم لیگ ن اور جے یو آئی ایف کے قافلے اسلام آباد کی جانب چل پڑے ہیں -اپوزیشن 28 مارچ کو اسلام آباد میں طاقت کا مظاہرہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے ، جسے مہنگائی مکاؤ مارچ کا نام دیا گیا ہے -پاکستان کے طول و عرض سے سیاسی قائدین کی قیادت میں یہ قافلے 28 مارچ کو اسلام آباد پہنچیں گے ۔
مسلم لیگ ن کا قافلہ مریم نواز اور حمزہ شریف کی قیادت میں آج بعد ازاں ماڈل ٹاؤن سے روانہ ہوگا۔سیف ملوک، فیصل کھوکھر، مرزا جاوید، کرنل طارق، سلمان رفیق، اور خواجہ احمد حسن پارٹی کے رہنماؤں میں شامل ہیں جو ریلیوں میں شرکت کریں گے۔
مظاہرین کا پہلا پڑاؤ آج رات پہلوانوں کے شہر گوجرانوالہ میں ہوگا ۔ نارووال اور دیگر شہروں میں کئی ریلیاں نکالی جائیں گی اور تمام کا اختتام گوجرانوالہ میں ہوگا۔ ، مسلم لیگ ن کے مارچ کرنے والوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہے۔شیخوپورہ میں پارٹی کے ورکرز کنونشن کے بعد رانا تنویر کی قیادت میں مظاہرہ مہنگائی مکاؤ مارچ میں شامل ہو گا۔
دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام کا کارواں ملتان پہنچ گیا ہے۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر اور جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ڈیرہ اسماعیل خان میں پارٹی کے جلسے کی قیادت کریں گے۔ اسلام آباد میں ریلی کی قیادت جے یو آئی کے رہنما راشد سومرو کریں گے۔