ترین گروپ کے رہنما عون چوہدری نے واضح اعلان کر تے ہوئے کہاہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ہٹانے کے بعد ہی حکومت کے ساتھ مذاکرات نتیجہ خیز ہو سکتے ہیںان کا کہنا تھا کہ ان کا گروپ کل بھی عثمان بزدار کووزیراعلیٰ کے عہدے سے ہٹانے کے مطالبے پر قائم تھا اور آج بھی اس میں کوئی لچک نہیں ۔
ایک بیان میں عون چوہدری نے کہا کہ ہمارے مذاکرات اب وزیراعظم عمران خان یا وفاقی ٹیم سے ہوں گے، ڈاکٹر مراد راس سے ملاقات میں ترین گروپ نے کوئی لچک نہیں دکھائی،مرادراس کی عزت کرتے ہیں،لیکن ہماری بات صرف وزیر اعظم سے ہوگی۔ عثمان بزدار کو ہٹائے بغیر معاملات آگے نہیں بڑھ سکتے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم مائنس عثمان بزدار کے مطالبے پر کھڑے ہیں، پہلے عثمان بزدار کی تبدیلی پھر دیگر ایجنڈے پر بات چیت ہو گی۔
انھوں نے اس بات کی بھی تردید کی کہ ترین گروپ کے اراکین کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقاتوں میں کوئی حقیقت نہیں ہے، ترین گروپ کی وزیراعلیٰ سے ملاقاتوں کی پرانی تصاویر نکالی جا رہی ہیں۔ترین گروپ جہانگیر ترین کی قیادت میں متحد ہے، ہمارا گروپ مشترکہ فیصلے کر رہا ہے۔