وزیراعظم عمران خان نے بدھ کے روز کہا کہ بجلی کے چارجز اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے پاکستانیوں کو ریلیف دیا گیا ہے کیونکہ ملک کے پاس اب زیادہ پیسہ ہے امید کی جارہی ہے کہ پاکستانیوں کو اب اور ریلیف ملے گا ۔کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت کم آمدنی والے طبقے کے لوگوں کے لیے بلاسود قرضوں کی تقسیم کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، وزیراعظم نے کہا کہ شہریوں کو گھر بنانے میں مدد کے لیے 20 لاکھ روپے کے قرضے فراہم کیے جائیں گے -انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام کے تحت اڑھائی ارب روپے کے قرضے پہلے ہی فراہم کیے جا چکے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کامیاب پاکستان پروگرام کا مقصد ملک کو فلاحی ریاست کی طرف لے جانا ہے، اس لیے اسے مزید وسعت دی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ کامیاب پاکستان پروگرام کاروبار کے لیے 5 لاکھ روپے، کسانوں کے لیے ساڑھے تین لاکھ روپے اور گھروں کی تعمیر کے لیے 20 لاکھ روپے کے بلاسود قرضے عوام کو دینے کا ارادہ ہے ۔وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ ہر مستحق خاندان کے ایک فرد کو تکنیکی تربیت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں اور اپنے گھر کی کفالت کرسکیں ۔
ہیلتھ انشورنس سکیم سمیت دیگر عوام نواز اقدامات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ یہ راستہ، جس کا تصور علامہ اقبال نے دیا تھا، یہی ملک کو عظمت کی طرف لے جائے گا۔عمران خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ماضی میں اقوام عالم میں اپنا مناسب مقام حاصل نہیں کر سکا کیونکہ اس نظریے پر عمل نہیں کیا گیا جس کے لیے پاکستان بنایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنے نظریے کو بھول جاتی ہیں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوتیں۔وزیراعظم نے ایف بی آر کو ٹیکس وصولی کا ہدف حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔