وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کالج میں مسلمان لڑکی کےساتھ ہونے والے ناروا سلوک کے حوالے سے بھارت میں بسنے والے اپنے ہندوستانی مسلمان بہن بھائیوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے مسکان کی طرح اٹھ کھڑے ہوں ۔ اپنے جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر مسلمان خاموش رہے تو ظلم و ستم کی مہم نہیں رکے گی۔
وزیر خارجہ نے ریاست کرناٹک میں تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی کی سخت مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے علمبرداروں کو اس کا نوٹس لینا چاہیے اور ان مسلم طالبات کے حقوق کے لیے بات کرنی چاہیے جنہیں ان کے بنیادی حق تعلیم سے محروم رکھا جا رہا ہے۔
بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان او آئی سی کونسل کے وزرائے خارجہ کے 48ویں اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے اور اس میں مسلم امہ کو درپیش مسائل بشمول فلسطین اور کشمیر کے تنازعات کے ساتھ ساتھ اسلامو فوبیا پر بھی بات کی جائے گی۔