کوئٹہ: بلوچستان پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے گوادر میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے ایک مشتبہ دہشت گرد کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے 1,878 گرام دھماکہ خیز مواد، 66 انچ کا پرائماکورڈ اور ایک ڈیٹونیٹر برآمد ہوا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ شہر میں ٹی ٹی پی نیٹ ورک کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے تفتیش جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی مکران کو اطلاع ملی کہ ٹی ٹی پی کا ایک دہشت گرد چھب ریکھانی کراس سے آرہا ہے اور وہ شہر میں دہشت گردی کی کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے۔
گرفتار دہشت گرد کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی مکران میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔
اس سے قبل، ٹی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے اور افغانستان میں تربیت یافتہ دو دہشت گردوں کو کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن سے گرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گرد کراچی میں تخریب کاری کی منصوبہ بندی کے لیے جمع ہوئے تھے۔ یہ مبینہ طور پر افغانستان میں سیکورٹی فورسز پر حملے اور دیگر گھناؤنے جرائم میں ملوث تھے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے ایک ہینڈ گرنیڈ، پاسپورٹ، غیر قانونی اسلحہ اور دیگر دستاویزات برآمد کی ہیں۔