کیچ کی چیک پوسٹ پر حملے کے بعد پاکستان مخالف قوتوں نے ڈیرہ بگٹی میں ایک اور شدت پسند کاروائی کرڈالی -جمعے کو ڈیرہ بگٹی ضلع کے علاقے سوئی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹر سرفراز بگٹی کے کزن سمیت کم از کم چار افراد جاں بحق اور 10 سے زائد زخمی ہوگئے۔
زخمیوں میں لیویز فورس کے اہلکار بھی شامل ہیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو بالترتیب پوسٹ مارٹم اور طبی امداد کے لیے پبلک ویلفیئر اسپتال منتقل کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے میٹ موندرانی کے علاقے میں بارودی سرنگ بچھائی تھی۔ ہلاک ہونے والے مقامی امن فورس کے ارکان تھے۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ حملے کے پیچھے کالعدم تنظیم بلوچستان ریپبلکن آرمی کا ہاتھ ہے۔
لیویز سمیت قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے امن فورس کے رضاکاروں کے جاں بحق ہونے پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔