سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے دہشت گرد کی شناخت کر لی گئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ مشتبہ دہشت گرد موٹر سائیکل پر جائے وقوعہ پر آیا اور موٹر سائکل پر ایک بیگ رکھ دیا۔
مشتبہ شخص کے جانے کے چار منٹ بعد مصروف انارکلی بازار میں زور دار دھماکہ ہوا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ شواہد اکٹھے کرنے کے لیے بم دھماکے کی جگہ سے مزید فوٹیج حاصل کی جارہی ہیں۔
انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب نے لاہور دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو پیش کردی۔
اس میں کہا گیا ہے کہ دھماکہ ریموٹ ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا اور دہشت گردوں کی جانب سے 1.5 کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔ بم دھماکے کا صحیح مقام لوہاری چوک تھا اور اس سے عمارت اور آٹھ موٹر سائیکلوں کو نقصان پہنچا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ دوپہر 1 بجکر 40 منٹ پر ہونے والے دھماکے میں رمضان اور ابصار سمیت 2 افراد جاں بحق اور 28 زخمی ہوئے ۔
لاہور پولیس اور مقامی انتظامیہ کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ اس میں مزید کہا گیا کہ پولیس، فرانزک ایجنسیاں اور حساس اداروں کے اہلکار اب بھی جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔